خبریں

ظلم وبربریت کا حساب بھارت کودینا ہوگا

ظلم وبربریت کا حساب بھارت کودینا ہوگا

گذشتہ دنوں کی بات ہے کہ پاکستان نے خبردار کیا کہ اگر بھارتی فوج نے کشمیرمیں نہتے اور معصوم لوگوں کی ہلاکتوں کو بند نہیں کیا تو مسئلہ عالمی عدالت میں لے جائیں گے۔پاکستان نے الزام عائد کیا ہے کہ دہشت گردی کی آڑ میں بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزور کر رہا ہے لیکن پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت جاری رکھے گا۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حقیقت کو چھپانے کے لئے اسے دہشت گردی کا نام دے رہا ہے۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ۳۵ ویں سیشن میں پاکستان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر کے بربریت کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے، بھارتی قابض افواج نے پچھلے برس ہی میں ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ براہ راست فائرنگ کر کے بلاتفریق ۱۰۰ کشمیریوں کو شہید کیا، پیلٹ گنز کے استعمال سے سینکڑوں کشمیریوں کو نابینا کر دیا گیا جن میں بچے بھی شامل ہیں جب کہ ۱۶ ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ نیویارک ٹائمز نے ۲۰۱۶ کو مردہ آنکھوں کا سال قرار دیاپاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی جرائم کشمیریوں کے دکھ کا باعث اور انسانی حقوق پر قدغن ہیں، بھارت نے سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر بھی پابندیاں لگائیں تاکہ اس کی بربریت کی خبر دنیا تک نہ پہنچے لیکن اس کے باوجود بھارتی بربریت بھارتی اور عالمی میڈیا میں رپورٹ ہو رہی ہے، بھارتی ظلم و ستم پر مختلف ممالک کی پارلیمنٹ میں تنقید بھی کی گئی۔ ہزاروں کی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کی تحریک آزادی کی حقیقت کو چھپانے کے لئے بھارت اسے دہشتگردی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صاف کر دیا کہ ہم چاہئے کچھ بھی کریں لیکن یہ لازمی ہے کہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیر میں ظلم کی داستانیں رقم کی ہیں اور اس دوران اب کشمیر کی آزادی کی تحریک کو داعش کا لبادہ اوڑھنے کی کوشش میں مصروف ہے تاہم انہوں نے مزید کہاکہ ہم بھارت کی ہر چال کو سمجھ رہے ہیں کیونکہ بھارت افغانستان کے راستے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن صاف ظاہر ہے کہ ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ پاکستان بھارت سے ڈر جائے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ بھی ہو بھارت کو دیر یا سویر کشمیر کے معاملے پر مذاکرات کی میز پر آنا ہی ہوگا۔پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کو بارہا خبردار کرچکے ہیں کہ وہ پاکستانی عسکری حوالے سے کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستان رقم کی ہے اور مسلسل کررہا ہے کیونکہ گزشتہ صرف ایک ہفتے میں ۹ بے گناہ افراد کو شہید کردیا گیا اور ۱۲ افراد پیلٹ گنز کا نشانہ بنے
پاکستان بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے داعش بنا رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو ظلم و تشدد سے زیر کرنا چاہتا ہے لیکن کشمیری کسی صورت بھی اپنے حق خود ارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو بھی چاہیے کہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر کے علاوہ خطے کے امن کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے اور لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے ہم نے بھارت کو بارہا خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھول میں نہ رہے اور یہ بھی بتا چکے ہیں کہ بھارت پاکستان کی عسکری طاقت کے بارے میں بھی کسی غلط فہمی میں نہ رہے