خبریں

کیا مودی چین کے معاملے پر نہرو کی غلطی دہرا رہے ہیں؟

کیا مودی چین کے معاملے پر نہرو کی غلطی دہرا رہے ہیں؟

سنہ 1949 میں ماو ژی دونگ نے عوامی جمہوریہ چین کی بنیاد رکھی۔ یکم اپریل 1950 کو انڈیا نے اسے بطور مملکت تسلیم کر لیا اور اس کے ساتھ سیاسی تعلقات قائم کیے۔ چین کو اس طرح تسلیم کرنے والا انڈیا پہلا غیر کمیونسٹ ملک بن گیا۔ سن 1954 میں انڈیا نے تبت کے معاملے میں بھی چین کی بالادستی کو قبول کر لیا تھا۔ یعنی انڈیا نے مان لیا کہ تبت چین کا حصہ ہے۔ ’ہندی چینی بھائی بھائی! کے نعرے بھی لگے۔جون 1954 سے جنوری 1957 کے درمیان چین کے پہلے وزیر اعظم چاو این لائی نے چار بار انڈیا کا دورہ کیا۔ اکتوبر 1954 میں انڈیا کے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو بھی چین گئے۔
نہرو کے چین کے دورے کے بارے میں امریکی اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ نے لکھا تھا کہ ’کسی بھی غیر کمیونِسٹ ملک کے وزیر اعظم کا عوامی جمہوریہ چین بننے کے بعد یہ پہلا دورہ ہے۔‘ اور یہ بھی کہ ’ائیرپورٹ سے شہر کے درمیان تقریباً دس کلومیٹر کے راستے پر چین کے لوگوں نے تالیاں بجاتے ہوئے نہرو کا استقبال کیا۔اس دورے کے دوران نہرو کی ملاقات چین کے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ عوامی جمہوریہ چین کے سربراہ ماو سے بھی ہوئی۔دوسری طرف تبت کے حالات خراب ہوتے گئے اور وہاں چین کی جارحیت میں اضافہ ہوتا گیا۔ 1950 میں چین نے تبت پر حملہ کر کے اس پر قبضہ کر لیا۔ تبت پر چینی حملے نے پورے خطے کی سیاست کو تبدیل کر دیا۔
چینی حملے سے پہلے تبت چین کے مقابلے میں انڈیا کے زیادہ قریب تھا۔ لیکن حملے کے بعد وہ ایک آزاد ملک نہیں رہا۔سویڈن کے صحافی برٹل لِنٹر نے اپنی کتاب ’چائینا انڈیا وار‘ میں لکھا ہے کہ، ’اس وقت نہرو کی قیادت والی حکومت کے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل، ایسے کچھ رہنماوں میں سے ایک تھے جنہیں تبت میں آنے والی تبدیلی کی اہمیت کا احساس تھا۔ اس بارے میں پٹیل نے نہرو کو دسمبر 1950 میں اپنی وفات سے ایک ماہ پہلے نومبر 1950 میں ایک خط بھی لکھا تھا۔‘
پٹیل نے اپنے خط میں لکھا تھا، ’تبت کو چین میں ضم کرنے کے بعد وہ ہمارے دروازے تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے اثرات کو سمجھنا ضروری ہے۔ پوری تاریخ میں ہم شمال مشرقی سرحدوں کی وجہ سے شاید ہی کبھی پریشان ہوئے ہیں۔ شمال میں ہمالیہ تمام خطرات کے خلاف ہماری ڈھال کے روپ میں کھڑا ہے۔ تبت ہمارا ہمسایہ تھا اور اس سے ہمیں کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ پہلے چینی منقسم تھے۔ ان کی اپنے اندرونی مسائل تھے اور انھوں نے ہمیں کبھی پریشان نہیں کیا، لیکن اب حالات بدل گئے ہیں۔اسی کتاب میں برٹل لنٹنرنے لکھا ہے کہ، ’اصول پسند نہرو نئے کمیونسٹ چین کو سمجھنے میں ناکام رہے۔ انہیں لگتا رہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی ہی ایک راستہ ہے۔ نہرو کا خیال تھا کہ انڈیا اور چین دونوں ظلم کے خلاف فتح حاصل کرکے اپنے پیروں پر کھڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کو ایشیا، افریقہ میں آزاد ہونے والے نئے ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔‘
چین نے 1950 کی دہائی کے وسط سے ہی انڈین علاقوں میں بھی تجاوزات شروع کر دی تھیں۔ 1957 میں چین نے اکسائی چن کے راستے مغرب میں 179 کلومیٹر لمبی سڑک بنائی۔سرحد پر دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیاں پہلا تصادم 25 اگست 1959 کو ہوا۔ گشت کر رہے ایک چینی یونٹ نے نیفا فرنٹئیر پر لانگجو میں حملہ کیا۔ اسی سال 21 اکتوبر کو لداخ کے کونگکا علاقے میں گولہ باری ہوئی۔ اس میں سترہ انڈین فوجی ہلاک ہوئے اور چین نے اسے دفاعی کارروائی قرار دیا۔انڈیا نے تب کہا تھا کہ ’اس کے فوجیوں پر اچانک حملہ کر دیا گیا۔‘ نومبر 1938 میں چینی کومیونسٹ پارٹی یا سی سی پی کی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں ماؤ نے کہا تھا کہ ’اقتدار بندوق کی نلی سے نکلتا ہے۔‘ اس کے بعد چین کے کمیونسٹ انقلاب کا یہ بنیادی نعرہ بن گیا۔ یہ نعرہ کارل مارکس کے اس نعرے کے بالکل الگ تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’دنیا کے مزدورو، ایک ہو جاؤ۔‘
کہا جاتا ہے کہ 1962 میں چین نے انڈیا پر حملہ کیا تو یہ صرف ہمالیہ کے کسی ایک علاقے پر قبضہ کرنے یا سرحدوں کو تبدیل کرنے کے لیے نہیں تھا بلکہ یہ تہذیب کی لڑائی تھی۔جنوب مغربی ایشیا پر گہری نظر رکھنے والے اسرائیلی ماہر یوکوو ورٹزبرجر نے اپنی کتاب ’چائنا ساؤتھ ویسٹرن سٹریٹجی‘ میں لکھا ہے کہ، ’نہرو چین اور انڈیا کے درمیان موجود ثقافتی اور تاریخی فرق کو مجھنے میں ناکام رہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ چین کے ارادے کو نہیں سمجھ پائے۔ نہرو کو لگتا تھا کہ پوری دنیا انڈیا اور چین کی سرحد کو مصدقہ طور پر تسلیم کرتی ہے۔ اگر انڈیا معاہدوں اور سمجھوتوں کو ہی آگے کر دے تو چین کو آخرکار بات ماننی پڑے گی کیونکہ انڈیا کا موقف قانونی طور پر صحیح ہے۔ لیکن چین نے کبھی بین الاقوامی قوانین کی پرواہ نہیں کی۔‘ یوکوو ورٹزبرجر لکھتے ہیں، ’نہرو اس بنیادی فرق کو بھی نہیں سمجھے کہ انڈیا اور چین دونوں نے اپنی آزادی الگ الگ طرح سے حاصل کی۔ انڈیا نے جس طرح انگریزوں کے خلاف آزادی کی لڑائی لڑی تھی، جاپان اور اندرونی طاقتوں کے خلاف چین کی لڑائی ویسی نہیں تھی۔ انڈیا نے آزادی کی لڑائی میں سول نافرمانی کے ذریعے واضح طور پر فتح حاصل کی تھی اور تشدد کو ایک برائی کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔‘
’دوسری طرف ماو کی کمیونِسٹ پارٹی کا اصول بالکل الگ تھا۔ نہرو نے برطانیہ کی جیو سٹرٹیجِک منظوری کو قبول کیا تھا کیونکہ ان کی حکمت عملی میں ماضی اور حال کے درمیاں تعلق تھا۔ دوسری طرف ماؤ کی حکمت عملی کا ماضی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ماؤ نے 1949 میں کمیونسٹوں کی فتح سے پہلے ہی بین الاقوامی معاہدوں کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا تھا۔ انڈیا چین کے ساتھ اپنی سرحدوں کو تاریخی بنیادوں پر صحیح ٹھہرانے میں لگا رہا اور چین جنگ کی تیاری کر رہا تھا۔ ماؤ نے میک موہن لائین کو نوآبادیاتی قرار دیتے ہوئے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ یہاں تک کہ چین پورے ارون آنچل پردیش پر اپنا دعوی کرنے لگا۔‘
’پی ایم مودی نے کوئی سبق نہیں لیا‘
برٹل لنٹنر نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ، ’نہرو کو چینی کومیونِسٹ ایک قوم پرست رہنما سمجھتے تھے۔ یہاں تک کہ وہ نہرو کو درمیانی درجے کے بھی سوشلسٹ نہیں مانتے تھے، چینی کومیونسٹ پارٹی کی طرف سے نہرو پر ابتدائی حملہ اکتوبر 1949 میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام سے پہلے ہی شروع ہو چکا تھا۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی کلچرل کمیٹی کے جریدے شیجی جیشی (عالمی علم) نے انیس اگست 1949 میں نہرو کو سامراجیت کا حامی کہا تھا۔ نہرو کو یہ پتا بھی نہیں تھا کہ ہندی چینی بھائی بھائی نعرے کے پیچھے کیا چل رہا ہے۔ سی آئی اے کی رپورٹ کے مطابق میانمار کے سابق وزیر اعظم با سوے نے نہرو کو 1958 میں خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ وہ چین کے ساتھ سرحدی تنازع کے بارے میں ہوشیار رہیں۔‘دفاعی امور کے تجزیہ کار راہل بیدی کہتے ہیں کہ، ’سن 1962 اور اس سے پہلے جو غلطیاں نہرو نے کی تھیں، ان غلطیوں سے وزیر اعظم مودی نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔‘
بیدی کہتے ہیں، ’مودی حکومت کے پاس خفیہ اطلاعات تھیں کہ چین لداخ میں بہت کچھ کر رہا ہے اور کرنے والا ہے تاہم یہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے۔ یہ سوال توسب سے اہم ہے کہ چینی فوجی انڈیا کے علاقے میں داخل ہوئے؟ مودی نے وزیر اعظم بنتے ہی چین کو ایسے پیش کیا جیسے کہ وہ سب سے بڑا اور بھروسہ مند دوست ہے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد سے مودی چین کے صدر شی جن پنگ سے اٹھارہ بار ملاقات کر چکے ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مطلب کیا ہے؟”
دو جون 2017 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے روس کے سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم میں ایک پینل ڈسکشن میں کہا تھا کہ، ’چین اور انڈیا میں سرحدی تنازع کے باوجود دونوں ممالک کی درمیان پچھلے چالیس سال میں ایک بھی گولی نہیں چلی ہے۔‘ چین نے مودی کے اس بیان کا خیرمقدم کیا تھا۔ یہ تین سال پہلے کی بات ہے اور اب صورت حال یہ ہے کہ وہ اب یہ دوبارہ نہیں کہہ سکتے۔‘
راہل بیدی کہتے ہیں کہ، „’اس سے انڈیا کے رہنماوں میں دیر پا وژن یا سوچ کی کمی کی عکاسی ہوتی ہے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ، ’وزیر اعظم مودی کو پتا ہونا چاہیے کہ چین انڈیا کی طرح انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے پانچ سال کے مطابق کام نہیں کرتا ہے۔ وہ اگلے پچاس سال کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی پر کام کرتا ہے اور اسے انجام تک پہنچاتا ہے۔ مودی کہتے ہیں کہ چین انڈیا کی سرحد نہیں ہے، دوسری طرف ملاقات پر ملاقات جاری ہے۔ حکومت کو تو پہلے اپنے ہی تضادات سے آزاد ہونے کی ضرورت ہے۔‘(بشکریہ بی بی سی اُردو)