ا نٹر ٹینمنٹ

باربی ڈول کترینہ کیف کی 29 ویں سالگرہ

باربی ڈول کترینہ کیف کی 29 ویں سالگرہ
ممبئی: بالی ووڈ کی پرکشش ترین اداکارہ اورسپر ہٹ آئٹم سونگ کی ملکہ کترینہ کیف آج 29 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ کترینہ کیف سولہ جولائی انیس سو چوراسی کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئیں۔ ماں انگریز، باپ بھارتی اور خود ان کی شہریت برطانوی ہے۔ کترینہ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ چین، جاپان، فرانس، سوئزرلینڈ، برلن، بیلجئیم اور امریکی ریاست ہوائی میں گزارا جسکے بعد وہ مستقل طور پر بھارتی شہرممبئی منتقل ہوگئیں۔ 14 سال کی عمر میں بطور ماڈل اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی کترینہ کیف نے بالی ووڈ میں قدم 2003 میں فلم بوم کے ذریعے رکھا جو باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔ تاہم قسمت کی دیوی 2007 میں ان پر مہربان ہونا شروع ہوئی جب انکی فلموں نمستے لندن، اپنے، پارٹنر، ویلکم، ریس، سنگھ از کنگ، نیویارک، عجب پریم کی گجب کہانی، راج نیتی،زندگی نہ ملیگی دوبارہ اور میرے برادر کی دلہن کو باکس آفس پربے حد کامیابی حاصل ہوئی جس پرانہیں کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ آئٹم نمبر زشیلا کی جوانی اور چکنی چمیلی سے بالی ووڈ باکس آفس پر تہلکہ مچانے والی باربی ڈول گذشتہ برس بھی کامیابی سے ہمکنار ہوئیں جب انکی سلمان خان کیساتھ فلم ایک تھا ٹائیگراورشاہ رخ خان کیساتھ یش راج بینر کی فلم جب تک ہے جان 100کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔ اپنی من موہنی صورت سے دل موہ لینے والی کترینہ کو اب تک چار بار ایف ایچ ایم میگرین کی جانب سے دنیا کی پرکشش ترین خاتون قرار دیا جاچکا ہے۔ کترینہ کی آنے والی فلموں میں مسٹر پرفیکٹ عامر خان کیساتھ دھوم تھری اور ہریتک روشن کیساتھ بینگ بینگ شامل ہیں جوبالترتیب رواں برس کرسمس اور اگلے سال مئی میں ریلیز ہونگی۔