خبریں

جرأت و بہادری کی علامت ملالہ ہیروئن اور چمپئن

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ جرات اور بہادری کی علامت ملالہ یوسف زئی ہیروئن اور چمپئن ہے جبکہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم گورڈن براون کے نزدیک پوری دنیا ملالہ کے خوابوں کی تعبیر چاہتی ہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ملالہ یوسف زئی کی 16 ویں سالگرہ پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ جرات اور بہادر کی علامت ملالہ ہیروئن اور چمپئن ہے۔سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤ ن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کے بہترین علاج کیلئے برطانیہ اور پاکستان کے ڈاکٹرز کے شکر گزار ہیں، یوم ملالہ کی تقریب ملالہ یوسف زئی کے خوابوں کی تعبیر ہے، ملالہ کے ساتھ اس تقریب میں شرکت میرے لئے اعزازکی بات ہے۔ سربراہ جنرل اسمبلی کا کہنا ہے کہ ملالہ کی کوششیں لاکھوں افرادکی امید کا محور ہیں، ملالہ پر اس کی جرآت اور بہادری کی وجہ سے قاتلانہ حملہ کیا گیا، دنیا میں تعلیم پھیلانے کیلئے آج نوجوانوں کی نئی سپر پاور موجود ہے۔