خبریں

دہشتگردی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دہشتگردی مشرق وسطیٰ  کے کسی بھی ملک کے لئے سود مند نہیں ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد بن خلیفہ التھانی کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ تمام علاقائی ممالک دہشتگردی کی وجہ سے مشکلات سے دو چار ہیں کیونکہ دہشتگردی خطے کے کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں اور علاقائی ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کیلئے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خطے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام اسلامی ممالک کو بھی آپس میں  بھرپور تعاون کا مظاہرہ کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ ایران قطر سمیت تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے اس موقع پر قطر کے امیر نے کہا کہ ایران خطے کا اہم ملک ہے اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے ملک انتہائی مضبوط اور اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔