خبریں

سکینہ نے خواتین کیلئے2 روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا

اننت ناگ 20 ؍اگست/وزیر برائے سماجی بہبود و پبلک گریوئنسز محترمہ سکینہ ایتو نے خواتین سے کہا ہے کہ وہ آگے آکر سماج کی ہمہ جہت ترقی کے لئے اپنا نمایاں رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیرسماج کی ترقی مشکل ہے۔وزیر موصوفہ آج کلگام میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے منعقدہ ایک دو روزہ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس کا اہتمام جموں وکشمیر وومن امپاورمنٹ سوسائٹی نے نیشنل مشن برائے امپاور منٹ خواتین کے اشتراک سے کیا تھا۔اس پروگرام میں خواتین ورکروں، سماجی بہبود ، دیہی ترقی اور محکمہ صحت کے ملازموں کے علاوہ آنگن واڑی ورکروں/ ہلپروں، آشا ورکروں اور ضلع کلگام کی غیر سرکاری تنظیموں کے نمایندوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین خصوصی طور سے ورکروں/ ملازموں کوموجودہ حکومت کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے چلائے جارہے مختلف پروگراموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے تا کہ ان کے فوائد سے سماج کا ہر شخص مستفید ہوسکے۔محترمہ سکینہ نے شرکاء سے تلقین کی کہ وہ حکومت کی طرف سے خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے چلائے جارہے پروگراموں کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا دستِ تعاون پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کے لئے جموں اور سرینگر میں ایک ایک انفارمیشن سیل قائم کیا ہے جہاں پر ہرقسم کی جانکاری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ شکایات بھی درج کی جاسکتی ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کلگام میر جہانگیر احمد نے اس موقعہ پر شرکاء کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔