خبریں

نیلسن منڈیلا کی طبیعت بہتر

جنوبی افریقہ کے سابق صدرنیلسن منڈیلا کی حالت میں معمولی بہتری آئی ہے لیکن ان کی حالت اب بھی خطرے سے باہر نہیں۔ لوگ اپنے محبوب لیڈر کو مختلف اندازخراج تحسین پیش کررہے ہیں۔ نیلسن منڈیلا کی سابق اہلیہ اوربیٹی نے ان کی عیادت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ دعائیں رنگ لے آئیں منڈیلا کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔ سرکاری طور پر 94 برس کے مسٹر منڈیلا کی صحت ‘تشویشناک، لیکن مستحکم’ ہے۔ منڈیلا کی بیٹی مکازیوے کے مطابق اُن کے والد کی حالت اچھی نہیں، لیکن وہ اب بھی آنکھیں جھپکتے ہیں اور اُن کی چھونے کی حس برقرار ہے۔ اس موقع پرایک فلم میکر ہیلی کاپٹر لیے وہاں پہنچ گیا اورسابق صدر کی فیملی کی ویڈیو بنانے لگا جسے حکام نے دھر لیا تاہم ہیلی کاپٹر اورکیمرا قبضے میں لیکر فلم میکر کو چھوڑ دیا گیا۔ دوسری جانب روزانہ سیکڑوں افراد پریٹوریا میں اسپتال کے باہر جمع ہوکر اپنے محبوب رہنما کی صحت یابی کے لیے دعائیں مانگتے نظرآتے ہیں کوئی گلدستے رکھ رہا ہے تو کوئی موم بتیاں جلارہا ہے۔ کوئی گیت گاتا تو کوئی رقص کرتا دکھائی دیتا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدرباراک اوباما پریٹوریا پہنچ گئے ہیں ان کی آمد سے قبل شہر میں امریکی پالیسیوں کیخلاف مظاہرے بھی ہوئے۔ درجنوں خیرخواہوں نے اُن کے لیے رات بھر موم بتیاں جلائے رکھیں، پھول بھیجتے رہے اور نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کرنے والے عالمی شہرت رکھنے والے شخص کیلئے دعائیہ کلمات پر مبنی پیغامات روانہ کرتے رہے۔ امریکی صدر براک اوباما جنھوں نے جمعے کے روز سے جنوبی افریقہ کے سہ روزہ دورے کا آغاز کیا، کہا ہے کہ اُن کی نیک خواہشات اور دعائیں مسٹر منڈیلا کے لیے ہیں، جو ملک کے پہلے سیاہ فام صدر رہ چکے ہیں۔ مسٹر منڈیلا آٹھ جون سے پھیپھڑوں کے انفیکشن کے علاج کے لیے پریٹوریہ کے ‘میڈی کلینک ہارٹ اسپتال’ میں داخل ہیں