خبریں

کشمیر کو بین الاقوامی سیاحتی مرکز کے طور ترقی دی جائیگی

کشمیر کو بین الاقوامی سیاحتی مرکز کے طور ترقی دی جائیگی

کشمیر کو عالمی سطح کے سیاحتی منز ل کے طور پر پیش کرنے اورباثروت سیاحوں کے لئے معیاری سیاحتی سہولیات کے قیام کے لئے عالمی شہرت رکھنے والے اداروں کے ساتھ اشتراک پر زوردیتے ہوئے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعیدنے عالمی سطح کے سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کے قیام کے لئے پروجیکٹوں کو منظور کرنے کے لئے سنگل ونڈو نظام کے قیام کا اعلان کیا۔اس کا اظہار مفتی محمد سعید نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔دوران میٹنگ انہیں احد ہوٹلز اینڈ ریزارٹس ،آئی ٹی سی اورسروور گروپ آف ہوٹلس کی جانب سے پریزینٹیشن پیش کی گئی۔جس کا مقصد عالمی معیار کے مطابق ریاست میں ٹوراورٹراؤل کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینا ہے۔پرنسپل سیکریٹری منصوبہ بندی وترقی بی آر شرما،وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری بی بی ویاس،کمشنر سیکریٹری سیاحت وثقافت ،منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی،چیرمین احدہوٹلز اینڈ ریزارٹس مشتا ق بْرزہ،ڈائریکٹر آئی ٹی سی ،ڈائریکٹرڈیولپمنٹ سروور گروپ آف ہوٹلس میٹنگ میں موجود تھے۔’آسان تجارت‘ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ریاست میں عالمی سطح کی سیاحتی سہولیات کے قیام میں حائل رکاؤٹو ں کو دور کرکے عالمی شہرت یافتہ برینڈڈ سیاحتی تجارتی اداروں کے اشتراک سے معیاری سیاحتی سہولیات قائم کرنی کی متمنی ہے تاکہ نہ صرف بیرون ملک بلکہ گھریلو صاحب ثروت سیاحوں کو ریاست کی جانب راغب کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے معیاری سیاحتی ڈھانچے کے قیام کے لئے ایک اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔سیاحتی صنعت سے وابستہ متعلقین کو تواضع اور افرادی قوت شعبوں میں باصلاحیت مقامی نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے پر زوردیتے ہوئے مفتی محمد سعیدنے کہا کہ سیاحتی ڈھانچے میں توسیع سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے نوجوان افرادی قوت اورتواضع شعبوں کے لئے نہایت موزوں ہیں اورمجھے یقین ہیں کہ وہ یہ کام بحسن خوبی انجام دے سکتے ہیں‘‘۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پْر لطف کشمیری پکوانوں کو سیاحتی شعبے کے ساتھ منسلک کرکے ہم کشمیر کی فوڈ انڈسٹری کو ایک نئی شناخت دے کر ریستوران اوربخارا کھول سکتے ہیں جو ایک مخصوص طبقے کی ضروریات پوری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں قائم انسٹچیوٹ آف ہوٹل منیجمنٹ میں فوڈ سروسز شعبے میں بہتری لانے کی وسیع صلاحیت ہے جس سے ہماری ٹراؤل انڈسٹری مستفید ہوسکتی ہے۔انہوں نے ملک بھر میں فوڈ فیسٹولوں کے انعقاد کی ضرورت پر زوردیا تاکہ کشمیری پکوان بشمول وازوان کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جاسکے۔مفتی محمد سعید نے جموں وکشمیر کو اعلیٰ گالف منزل کے طور پر فروغ دینے کے لئے اقدامات اْٹھانے پر زوردیا تاکہ سیاحوں کو ویک اینڈ اور ویک لانگ پیکیج فراہم کئے جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے ریاست میں گالف سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایک جامع اشتہاری مہم چلانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پہلے ہی سرینگر ،گلمرگ، پہلگام اورسدراہ گالف سرکٹ موجود ہیں اورہم سونہ مرگ ،سناسر اوریوسمرگ میں بھی نئے گالف کورسوں کے قیام کے امکانات پر غور کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر گالف کلب جو کہ ملک کا تاریخی گالف کورس ہے ،کی تجدید نو کی جائے گی تاکہ گالف شایقین کو اْس جانب راغب کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے گلمرگ ،پہلگام اور دیگر سیاحتی مراکز کے لئے ماسٹر پلانوں کو حتمی شکل دی ہے تاکہ ان سیاحتی مراکز میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر وتجدید کو منصوبہ بند طریقے سے گردونواح کے ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر عمل میں لایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی صنعت کو بڑے پیمانے پر فروغ دے کر ہم ریاست کی معیشت میں بہتری لاسکتے ہیں۔احد گروپ آف ہوٹلز ، آئی ٹی سی کے اشتراک سے اعلیٰ سہولیات سے آراستہ پانچ ستارہ ہوٹلوں کی چین قائم کررہی ہے جب کہ سروور گروپ پْر تعیْش ہوٹل قائم کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے تاکہ ریاست میں باثرو ت سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اس کے علاوہ سرینگر میں نیڈوز ہوٹل کو عالمی معیار کے ہیریٹیج ہوٹل کے طور پر ترقی دی جارہی ہے اوراس پروجیکٹ پر عنقریب کام شروع کیا جائے گا۔