خبریں

25 کووزیراعظم کا دورہ ریاست

وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے اپنے مجوزہ دورہ جموں کشمیر سے چار روز قبل نئی دلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ریاست میں زیر تکمیل 37000کروڑ روپے کے تعمیر نو پیکیج پر عمل آؤری کا جائزہ لیا۔اس دوران وزیراعظم ہند اور یوپی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کے دورہ ریاست کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم 25جون کو سونیا گاندھی کے ہمراہ ریاست کے دوروزہ دورے پر آرہے ہیں۔وزیر اعظم نے جمعہ کو نئی دلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس کے دوران جموں کشمیر میں 37ہزار کروڑ روپے کے تعمیر نو پیکیج پر عمل آؤری کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم تعمیر نو پروگرام کے تحت ریاست میں11مختلف شعبوں سے وابستہ کل67پروجیکٹوں اور اسکیموں پر عملدرآمد کا کام جاری ہے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم تعمیر نو پروگرام کے تحت 34پروجیکٹ اور اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں جبکہ 28پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ جو پروجیکٹ اب تک تکمیل کو پہنچائے گئے ہیں، ان میں ایک ہزار مائیکرو ہائیڈروالیکٹرک پروجیکٹ ، دیہات کو بجلی کی فراہمی، کرگل، پونچھ اور ڈوڈہ تک کلہم خواندگی مہم کی توسیع اور بیروزگار نوجوانوں کو مختلف ہنروں کی تربیت فراہم کرنا شامل ہیں۔ اسکے علاوہ وادی میں چھ نئے ڈگری کالج اور پانچ وومنز آئی ٹی آئیزبھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔ان پروجیکٹوں میں ملی ٹینسی کی وجہ سے ترک سکونت کرنے والے لوگوں کی بازآبادکاری ، مائیگرنٹ پنڈتوں کے لئے عارضی رہائش گاہوں کی تعمیر اورسرحدوں پر آر پار شیلنگ کی وجہ سے متاثرہ لوگوں کے گھروں کی تعمیر وتجدید بھی شامل ہے۔دونوں لیڈران 25جون کوادھمپورپہنچیں گے اور اور ان کا خصوصی طیارہ صبح ساڑھے 9بجے ادھمپو ر کے فوجی ہوائی اڈے پر اْترے گا۔ ادھمپور میں کچھ دیر تک قیام کے بعد دونوں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کشتواڑ پہنچیں گے، جہاں وہ چوگن نامی علاقہ میں تعمیر کئے جانے والے ریٹل پن بجلی پروجیکٹ کا صبح 10بجکر 30منٹ پر سنگ بنیاد رکھیں گے۔بجلی پروجیکٹ کا سنگ بنیاد ڈالنے کے بعد وزیراعظم ہند اور مرکزی کانگریس صدر چوگن میدان میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔دونوں مرکزی رہنماوں کی ریاست آمد کے سلسلے میں جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق دونوں مرکزی رہنما کشتواڑ سے سیدھے سرینگر کے لئے اْڑان بھریں گے اور دوپہر کو سرینگر پہنچنے کے ساتھ ہی وہ نہر و گیسٹ ہاوس کی طرف روانہ ہوگئے ، جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔ظہرانے کے بعد ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی ریاست کے سینئر لیڈران اور اعلیٰ افسران کے ہمراہ ایس کے آئی سی سی روانہ ہوں گے، جہاں ان سے کئی اہم وفود ملاقی ہوں گے۔ وزیراعلیٰ دونوں مرکزی رہنماوں کے اعزاز میں ایس کے آئی سی سی میں عشائیہ دیں گے۔26جون کی صبح ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی سرینگر سے بانہال کے لئے اْڑان بھریں گے جہاں وہ انتہائی اہمیت کے حامل قاضی گنڈ بانہال ریلوئے پروجیکٹ کو باضابطہ طور پر عوام کے نام وقف کریں گے جبکہ اس موقعہ پریہاں منعقد ہونے والی عوامی اجتماع سے بھی دونوں رہنما خطاب کریں گے۔